واشنگٹن( نیوز ڈیسک)امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق دفاعی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ روسی میزائل شام کی بجائے ایران میں گرے تھے۔امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ میزائلوں میں سے چارکروزمیزائل ایرانی سرزمین پر گرے تھے ۔ تاہم روسی وزارت دفاع نے امریکی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تمام میزائل ہدف پر لگے تھے۔وزارت کے ترجمان نے کہا ہے کہ کوئی بھی پیشہ ور یہ جانتا ہے ایسی کارروائیوں میں نشانہ بننے سے پہلے اور بعد میں بھی ہدف کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ایرانی خبر رساں ادارے فارس نے بھی اس دعوے کو روس کے خلاف امریکہ کی نفسیاتی جنگ کا حصہ قرار دیا ہے۔روس نے بدھ کو بتایا تھا کہ شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے بحیرکیسپیئن میں موجود جنگی بحری جہازوں سے شام کے شمالی اور شمال مغربی صوبوں میں 11 مقررہ اہداف پر 26 کروز میزائل داغے گئے تھے۔