اتوار‬‮ ، 24 ‬‮نومبر‬‮ 2024 

نیویارک میں چند دن

datetime 27  اگست‬‮  2024
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مجھے پچھلے ہفتے چند دن نیویارک میں گزارنے کا موقع ملا‘ میری مصروفیت مین ہیٹن کے پانچویں ایونیو کی 14ویں سٹریٹ پر تھی‘ صبح سے شام تک زیادہ تر وقت وہاں گزرتا تھا‘ مین ہیٹن کے ہوٹل ناقابل یقین حد تک مہنگے ہیں‘ نارمل ہوٹل میں بھی چار پانچ سو ڈالر میں کمرہ ملتا ہے‘ نیوجرسی نیویارک کی قریب ترین سٹیٹ ہے‘ دونوں کے درمیان صرف ہڈسن دریا بہتا ہے‘ آپ ٹرین‘ ٹیکسی‘ بس یا فیری کے ذریعے دریا عبور کریں اور نیوجرسی میں داخل ہو جائیں‘ وہاں صورت حال قدرے بہتر ہے‘ شاید اس کی وجہ ٹیکس ہیں‘ نیوجرسی میں ٹیکس کم اور نیویارک میں زیادہ ہیں لہٰذا آپ کو وہاں مناسب ہوٹل مل جاتے ہیں‘

مجھے شکور عالم کی وجہ سے جرسی سٹی کے علاقے نیوپورٹ میں ہوٹل مل گیا‘ شکور عالم 86 سال کے نوجوان ہیں‘ پچھلے بیس سال سے ویلفیئر کے کام کر رہے ہیں‘ پی آئی اے میں ہوتے تھے‘ امریکا میں پوسٹ ہوئے‘ نیویارک میں ریٹائر ہوئے اور پھر امریکا میں ہی ٹک گئے‘ یہ آج کل الخدمت کے ساتھ وابستہ ہیں اور ان کے ساتھ مل کر ’’چھوٹی چھوٹی نیکیاں‘‘ کے نام سے پراجیکٹ چلا رہے ہیں‘ میرا ان سے پہلا رابطہ 2017ء میں ہوا تھا اور پھر ان کے ساتھ دوستی ہو گئی‘ شکور صاحب ایک پازیٹو اور پریکٹیکل انسان ہیں‘ دوسرے کو سپیس دیتے ہیں اور اس کے زیادہ سے زیادہ آرام کا خیال بھی رکھتے ہیں‘ نیوپورٹ میں ہوٹل ان کا آئیڈیا تھا‘ ہوٹل کے بالکل سامنے پاتھ ٹرین سٹیشن تھا‘ میں سٹریٹ 33 کی ٹرین پر سوار ہوتا تھا اور سات منٹ میں سٹریٹ 14 پر پہنچ جاتا تھا۔

میں آگے بڑھنے سے قبل آپ کو نیویارک سٹیٹ اور سٹی کے بارے میں بھی بتاتا چلوں‘ نیویارک سٹیٹ امریکا کی چوتھی بڑی ریاست ہے‘ اس کا کل رقبہ ایک لاکھ 41 ہزار مربع کلو میٹر ہے‘ یہ کینیڈا کی سرحد تک جاتی ہے‘ نیاگرا فال کا امریکی حصہ بھی نیویارک ریاست میں آتا ہے‘ شہر پانچ حصوں میں تقسیم ہے اور یہ تمام حصے تین سو کلومیٹر پر محیط ہیں‘ مین ہیٹن نیویارک اور امریکا کا مہنگا ترین علاقہ ہے‘ یہ جزیرہ ہے اور اس جزیرے پرسینکڑوںفلک بوس عمارتیں ہیں‘ دنیا کے زیادہ تر کھرب پتی مین ہیٹن میں رہتے ہیں یا پھر ان کے ہیڈکوارٹرز یہاں ہیں‘ شہر کا یہ حصہ ایونیوز اور سٹریٹس میں تقسیم ہے‘ اس بندوبست کو ’’گرڈ‘‘ کہا جاتا ہے‘ مین ہیٹن شمال سے جنوب 12 جب کہ مشرق سے مغرب 155 حصوں (بعض جگہوں پر 214) میں تقسیم ہے‘ شمال سے جنوب چلنے والی سڑکیں ایونیو کہلاتی ہیں اور یہ تعداد میں 12 ہیں جب کہ مشرق سے مغرب گلیاں (سٹریٹس) ہیں اور یہ 155 سے لے کر 214 تک ہیں‘

یہ انتظام اس قدر آسان اور خوب صورت ہے کہ ہر گلی ہر ایونیو سے ہو کر گزرتی ہے یعنی اگر آپ 14ویں سٹریٹ پر ہیں تو یہ گلی ایک سے لے کر 12ویں ایونیو تک جائے گی اسی طرح ہر ایونیو بھی تمام گلیوں سے گزرے گا لہٰذا آپ اگر کسی ایونیو پر چلنا شروع کر دیں تو یہ 214 گلیوں کو چھو کر گزرے گا‘ اسی طرح اگر آپ کسی گلی میں واک شروع کر دیں تو یہ تمام ایونیوز کو کراس کرے گی‘ نیویارکر نمبرز میں اوپر جانے والے ایونیوز اور گلیوں کو اپ (UP) اور کم ہونے والوں کو ڈائون کہتے ہیں‘ مثلاً آپ اگر تین نمبر ایونیو سے چار‘ پانچ یا چھ کی طرف جائیں گے تو یہ اپ ہو گا اور اگر آپ بارہ سے نیچے کی طرف آئیں گے تو یہ ڈائون سمجھا جائے گا‘ گلیوں کی صورت حال بھی یہی ہے اگر گلیوں کا نمبر بڑھ رہا ہے تو یہ اپ ہو گا اور اگر نمبر کم ہو رہے ہیں تو یہ ڈائون ہو گا‘ اس سسٹم کی وجہ سے آپ مین ہیٹن کے کسی بھی سٹیشن‘ عمارت یا ایڈریس پر آسانی سے پہنچ سکتے ہیں‘ مین ہیٹن کی طویل ترین گلی براڈوے کہلاتی ہے‘

یہ 33 کلو میٹر لمبی ہے اور امریکا کے تمام پرانے‘ بڑے اور مہنگے تھیٹر‘ سینما ہالز اور شوز اسی سڑک پر ہوتے ہیں‘ دنیا کا مشہور ترین چوک ’’ٹائم سکوائر‘‘ بھی اسی سڑک پر ہے‘ پورا مین ہیٹن زیر زمین ٹرین سسٹم سے جڑا ہوا ہے‘ اس سسٹم کو پاتھ ریل نیٹ ورک نیوجرسی سے جوڑتا ہے‘ آپ کو جگہ جگہ پاتھ سٹیشن مل جاتے ہیں یعنی آپ مین ہیٹن کے کسی بھی علاقے سے نیوجرسی جا سکتے ہیں‘ امریکا میں زیرزمین ریلوے ’’ سب وے‘‘ کہلاتا ہے‘ 34 ویں سٹریٹ پر ریلوے کا مرکزی سٹیشن ہے‘ یہ پین (Penn) سٹیشن کہلاتا ہے یہاں سے پورے امریکا کے لیے ٹرینیں ملتی ہیں‘ یہ سٹیشن پورا شہر ہے‘ ایک ایک منٹ میں یہاں سے بیس بیس ٹرینیں نکلتی ہیں‘ میں ٹائم سکوائر پہنچنے کے لیے نیوپورٹ سے 33 سٹریٹ کی ٹرین لیتا تھا‘ 33 ویں سٹریٹ پر اترتا تھا اور 42 ویں سٹریٹ کی طرف چلنا شروع کر دیتا تھا‘ 42 ویں سٹریٹ سے ٹائم سکوائر شروع ہو جاتا ہے اور یہ 45 ویں سٹریٹ تک جاتا ہے‘ یہاں دن رات رونق اور ہنگامہ رہتا ہے‘ نیویارک آنے والا ہر سیاح ٹائم سکوائر اور براڈوے ضرور جاتا ہے‘

شہر کا یہ علاقہ 24 گھنٹے آباد رہتا ہے‘ براڈوے کے تھیٹرزیہیں ہیں اور بلند عمارتوں پر بڑی بڑی سکرینیں بھی یہیں لگی ہیں‘ ٹائم سکوائر میں دو میوزیم ضرور دیکھنے چاہییں‘ پہلا میوزیم ’’رائز این وائے‘‘ اور دوسرا ’’میوزیم آف براڈ وے‘‘ ہے‘ رائز این وائے میں نیویارک کی ڈویلپمنٹ کی ہسٹری ہے‘ اس کا آخری حصہ حیران کن ہے‘ سیاحوں کو ایک ٹرالی میں بٹھا دیا جاتا ہے اور پھر پورے شہر کا’’ فور ڈی‘‘ نظارہ کرایا جاتا ہے یوں محسوس ہوتا ہے آپ چھتری میں بیٹھ کر نیویارک کی فضا میں جھول رہے ہیں‘ یہ حصہ اس قدر ’’پرفیکٹ‘‘ ہے کہ پانی کے قریب سے گزرتے ہوئے آپ کے منہ پر چھینٹے پڑتے ہیں‘ برف باری میں آپ کو باقاعدہ ٹھنڈ لگتی ہے اور فائر ورکس کے دوران آپ اپنے کپڑوں کو آگ سے بچانے کی کوشش کرتے ہیں‘ دوسرا میوزیم براڈوے کی تاریخ سے متعلق ہے‘ نیویارک میں پہلا تھیٹر 1750ء میں شروع ہوا تھا‘ میوزیم میں اس سے لے کر جدید ترین تھیٹرز کی تاریخ دکھائی جاتی ہے‘

آپ کو یہاں کام یاب ترین ڈراموں کے مختلف کرداروں کے کاسٹیوم بھی ملتے ہیں اور پہلے بلب سے لے کر کیمرے تک کا سفر بھی۔ آپ یقینا جانتے ہوں گے بجلی‘ بلب‘ مائیک‘ کیمرے‘ ریڈیو‘ سینما اور ٹی وی نے نیویارک میں جنم لیا تھا لہٰذا آپ کو ان سب کی تاریخ میوزیم آف براڈوے میں ملتی ہے‘ میں نے پورا دن رائز این وائے اور میوزیم آف براڈوے میں گزارہ۔ امریکا بلکہ دنیا کے سب سے زیادہ کھرب پتی مین ہیٹن کی 57 سٹریٹ میں رہتے ہیں‘ یہ سٹریٹ سنٹرل پارک کے ساتھ ہے چناں چہ اس کی زیادہ تر اپارٹمنٹس کی عمارتیں سنٹرل پارک کی طرف کھلتی ہیں‘ سٹریٹ 57 کی تمام عمارتیں انتہائی مہنگی ہیں‘ یہاں 10 سے لے کر50 ملین ڈالر تک کے فلیٹس ہیں‘ یہاں کے زیادہ تر لوگ پرائیویٹ سیکورٹی کے ساتھ واک کرتے ہیں‘ آپ کو سنٹرل پارک میں بھی پرائیویٹ سیکورٹی کے درمیان بھاگتے ہوئے لوگ نظر آ جاتے ہیں‘ ہالی ووڈ کے ایکٹرز بھی یہاں رہتے ہیں۔

میں 2017ء میں آخری مرتبہ نیویارک آیا تھا تو مین ہیٹن میں حلال فوڈ تلاش کرنا پڑتا تھا لیکن اب صورت حال تبدیل ہو چکی ہے‘ کارپوریشن نے ’’فوڈکارٹس‘‘ کی اجازت دے دی ہے لہٰذا آپ کو ہر سٹریٹ پر درجنوں فوڈ کارٹس مل جاتی ہیں اور اکثر کے اوپر حلال لکھا ہوتا ہے‘کارٹس کے مالکان بھی عموماً مسلمان ہوتے ہیں‘یہ مصری‘ شامی‘ عراقی اور ترک ہیں‘ آپ ان سے برگر بھی خرید سکتے ہیں‘ ہاٹ ڈاگ بھی اور چاول کباب بھی‘ مسافر عموماً دس سے بارہ ڈالر میں ایک وقت کا کھانا کھا سکتے ہیں‘ اس سے سیاحوں بالخصوص مسلمان سیاحوں کو بہت فائدہ ہوا‘ میرا زیادہ تر وقت پانچویں ایونیو اور 14 ویں سٹریٹ پر گزرتا تھا‘ یہاں فوڈ کارٹس زیادہ تھیں‘ اس کی وجہ سٹوڈنٹس اور یونین سکوائر ہے‘ پانچویں ایونیو اور 14 نمبر گلی میں درجن بھر پرائیویٹ یونیورسٹیز کے کیمپس‘ کالج اور سکولز ہیں اور ان میں پوری دنیا کے طالب علم پڑھتے ہیں‘ یونیورسٹی آف نیویارک کا کیمپس بھی قریب ہے‘

دوسرا یونین سکوائر میں ہر وقت کوئی نہ کوئی احتجاج چلتا رہتا ہے لہٰذا یہاں ہجوم رہتا ہے اور اس ہجوم کی وجہ سے فوڈ کارٹس کا کاروبار چلتا رہتا ہے تاہم میں آپ کو یہاں یہ بھی بتاتا چلوں یہ کاروبار کیوں کہ مسلمان بھائیوں کے ہاتھ میں ہے چناں چہ یہ دائو لگاتے دیر نہیں لگاتے‘ آپ اگر ان سے ریٹ نہیں پوچھیں گے یا بقایا لیتے ہوئے نوٹ نہیں گنیں گے تو پھر آپ کے ساتھ ہیرا پھیری ضرور ہو گی لہٰذا احتیاط کریں‘ یونین سکوائر 14ویں سٹریٹ اور پانچویں اور چوتھے ایونیو کے درمیان ہے‘ اس پر ہر وقت کوئی نہ کوئی مظاہرہ ہوتا رہتا ہے‘ میں نے یہاں روزانہ غزہ کی حمایت میں مظاہرے دیکھے‘ مجھے یہاں بنگلہ دیش کے ہندو بھی مظاہرے کرتے ہوئے ملے‘

یہ بنگالی زبان میں ’’بنگلہ دیشی مسلمانوں سے ہندوئوں کو بچائیں‘‘ کے نعرے لگا رہے تھے‘ میں بڑی دیر ان کے ساتھ کھڑا رہا اور ان سے پوچھتا رہا ‘تم لوگ 1970ء میں مغربی پاکستان کے مسلمانوں سے پناہ مانگ رہے تھے اور آج اپنے بنگالی بھائیوں سے بچتے پھر رہے ہو تم بھی کتنے عجیب لوگ ہو اور ان کے پاس کوئی جواب نہیں تھا‘ یونین سکوائر میں شام کے وقت مختلف بینڈز بھی آ جاتے ہیں‘ یہ میوزک بجاتے ہیں اور لوگ ان کی موسیقی اور رقص کو انجوائے کرتے ہیں‘ یونین سکوائر میں شطرنج کے کھلاڑی بھی عام ہیں‘ یہ میز پر شطرنج سجا کر سیاحوں کو بازی کی دعوت دیتے ہیں اگر سیاح ہار جائے تو اسے دس بیس ڈالر دینا پڑتے ہیں اور اگر کھلاڑی ہار جائے تو یہ مسکرا کر منہ دائیں بائیں کر لیتا ہے۔

موضوعات:



کالم



شیطان کے ایجنٹ


’’شادی کے 32 سال بعد ہم میاں بیوی کا پہلا جھگڑا…

ہم سموگ سے کیسے بچ سکتے ہیں (حصہ دوم)

آب اب تیسری مثال بھی ملاحظہ کیجیے‘ چین نے 1980ء…

ہم سموگ سے کیسے بچ سکتے ہیں؟

سوئٹزر لینڈ دنیا کے سات صاف ستھرے ملکوں میں شمار…

بس وکٹ نہیں چھوڑنی

ویسٹ انڈیز کے سر گارفیلڈ سوبرز کرکٹ کی چار سو…

23 سال

قائداعظم محمد علی جناح 1930ء میں ہندوستانی مسلمانوں…

پاکستان کب ٹھیک ہو گا؟

’’پاکستان کب ٹھیک ہوگا‘‘ اس کے چہرے پر تشویش…

ٹھیک ہو جائے گا

اسلام آباد کے بلیو ایریا میں درجنوں اونچی عمارتیں…

دوبئی کا دوسرا پیغام

جولائی 2024ء میں بنگلہ دیش میں طالب علموں کی تحریک…

دوبئی کاپاکستان کے نام پیغام

شیخ محمد بن راشد المختوم نے جب دوبئی ڈویلپ کرنا…

آرٹ آف لیونگ

’’ہمارے دادا ہمیں سیب کے باغ میں لے جاتے تھے‘…

عمران خان ہماری جان

’’آپ ہمارے خان کے خلاف کیوں ہیں؟‘‘ وہ مسکرا…