لکھنؤ (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست اترپردیش میں ہندوؤں کے مقدس شہر وارنسی (بنارس) میں سادھوؤں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں، گاڑیاں جلانے، پتھراؤ کے باعث دوسرے روز بھی حالات سخت کشیدہ رہے۔ پولیس نے ہندو سادھوؤں کے مظاہرے کی قیادت کرنے والے کانگریس کے رکن اسمبلی اجے رائے کو حراست میں لے لیا جبکہ شہر کے دیگر حصوں سے بھی 50 کے لگ بھگ افراد پکڑے گئے۔ اجے رائے انتخابات میں اسی شہر کے ایک حلقے سے وزیراعظم نریندر مودی کا مخالف امیدوار رہا ہے۔ وارنسی میں پولیس کی بھاری نفری مختلف سڑکوں اور چوکوں پر متعین رہی۔ واضح رہے کہ ہندو سادھو دریائے گنگا میں مورتیاں اور مردوں کی راکھ بہاتے ہیں اور عدالت کے حکم پر دریا کو مزید آلودہ ہونے سے بچانے کیلئے انتظامیہ نے سادھوؤں کو مورتیاں اور راکھ بہانے سے روک دیا ہے۔ یہ سادھو اسے مذہبی معاملات میں مداخلت قرار دے رہے ہیں۔