پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 50 یپسے فی لیٹر کی کمی ہوسکتی
اسلام آباد(این این آئی)حکومت کی جانب سے مسلسل دو مرتبہ پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد اب امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یکم اگست سے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 50 یپسے فی لیٹر کی کمی ہوسکتی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات پر گزشتہ 15 دن کے دوران بالترتیب 2 ڈالر اور 3 ڈالر فی بیرل کی کمی واقع ہوئی ہے۔اس تناظر میں پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 90 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 8.50 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔حکام نے بتایا کہ گزشتہ 15 روز کے درمیان بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرول کی اوسط قیمت 89.50 ڈالر فی بیرل سے کم ہوکر 87.50 ڈالر جبکہ ڈیزل تقریباً 96.93 ڈالر سے کم ہو کر 94 ڈالر فی بیرل پر آ گیا ہے۔اس وقت پیٹرول کی قیمت 275 روپے 60 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 284 روپے فی لیٹر ہے، نئی قیمتوں کے بعد پیٹرول 272 روپے سے اوپر رہے گا جبکہ ڈیزل 275 روپے فی لیٹر کے قریب رہے گا، بشرطیکہ حکومت پیٹرولیم لیوی کی شرح میں اضافہ نہ کرے۔خیال رہے کہ حکومت نے 15 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 99 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 265 روپے 61 پیسے سے بڑھ کر 275 روپے 60 پیسے فی لیٹر ہو گئی تھی۔
مسلسل دو مرتبہ پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد اب کمی کا امکان
27
جولائی 2024
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں