اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیر مملکت و چیئر پرسن بی آئی ایس پی ایم این اے ماروی میمن نے کہا ہے کہ غریب لوگوں کیلئے کام کرنا بی آئی ایس پی کا مشن ہے اور یہ ہم سب کی ذمے داری ہے کہ معاشرے کے پسماندہ طبقے کی فلاح و بہود کیلئے کام کریں۔ان خیالات کا اظہارانھوںنے بی آئی ایس پی سیکریٹریٹ میں پلڈاٹ کی یوتھ پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پلڈاٹ کی یوتھ پارلیمنٹ کو بی آئی ایس پی سیکریٹریٹ میںبی آئی ایس پی کے ایک منصوبے ’سسٹراینڈسکسیس‘ کے افتتاح کیلئے مدعو کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کے تحت تین کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیں۔ پہلی کمیٹی بین الاقوامی خواتین رہنما، دوسری کمیٹی پاکستانی کامیاب خواتین جبکہ تیسری کمیٹی بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین پر مشتمل ہوگی۔ کمیٹیوں کے سلسلے کو بی آئی ایس پی کی غریب مستحقین کی آگہی، با اختیاری اور پروجیکشن کیلئے استعمال کیا جائیگا۔اس موقع پر اسی منصوبے کے تحت پاکستان کے ایسے نقشے کا بھی افتتاح کیا گیا جو علاقائی بنیادوں پر بی آئی ایس پی کی ملک بھر سے کامیاب مستحقین کی ویڈیوز پر مشتمل تھا۔سسٹرزاینڈ سکسیس کے بارے میں بتاتے ہوئے چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے نوجوان اراکین پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ اپنے متعلقہ حلقوں میں ان خواتین ہیروز کو تلاش کریں جنہوں نے انتہائی غربت کی حالت سے باہر نکلتے ہوئے اپنے گھرانوں کی فلاح و بہبود میں اپنا کردار ادا کیا ہو۔