اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ نے سرکاری قرضوں کی مینجمنٹ کے حوالے سے دانشمندانہ اقدامات کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر تاریخی سطح تک پہنچ چکے ہیں اور اب اس کامیابی کو مستحکم کرنا نہایت اہم ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت سرکاری قرضوں سے متعلق امور کا جائزہ لینے کیلئے ہفتہ کو ایک اجلاس ہوا ۔ اس موقع پر سرکاری قرضوں بارے پالیسی کوارڈی نیشن آفس کے ڈائریکٹر جنرل نے وزیر خزانہ کو قرضوں کی مجموعی صورتحال،لاگت اور انکی مدت تکمیل سمیت متعلقہ امور کے بارے میں بریفنگ دی ۔ وزیر خزانہ کو بتایاگیاکہ گزشتہ دو سال کے دوران مقامی قرضوں کی میچورٹی پروفائل بہتر ہوئی ہے اور لاگت میں کمی آئی ہے ۔ اجلاس کے دوران یہ بات مشاہدے میں آئی کہ حالیہ برسوں میں مجموعی سرکاری قرضوں کی فیصد شرح کے لحاظ سے بیرونی قرضوں میں کمی ہوئی ہے اور وہ ایک معقول سطح پر آ گئے ہیں ۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ سرکاری قرضوں کے حوالے سے لاگت اور رسک انڈیکیٹرز میں بھی بہتری آ چکی ہے ۔ وزیر خزانہ نے زور دیا کہ قرضوں کی مینجمنٹ کے حوالے سے دانشمندانہ اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر تاریخی سطح تک پہنچ چکے ہیں اور اب اس کامیابی کو مستحکم کرنا نہایت اہم ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری قرضوں بارے پالیسی آفس متعلقہ امورپر گہری نظر رکھے ۔