راولپنڈی(این این آئی) وزیر اعظم محمدشہباز شریف نے وفاقی وزراء کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ان کا استقبال کیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق جی ایچ کیو میں وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، شہبازشریف نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات بھی ہوئی،ملاقات میں وزیر اعظم اور کابینہ ارکان نے عسکری قیادت سے قومی سلامتی، علاقائی استحکام اور فوجی تیاریوں پر بات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کو سلامتی کی موجودہ صورتحال، خطرات سے نبرد آزما ہونے کی تیاریوں سے آگاہ کیا گیا،وزیر اعظم اور کابینہ ارکان نے پا ک فوج کی پیشہ وارانہ تیاریوں کو سراہا۔وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔شہباز شریف نے پاک فوج کی ملک کے تحفظ کیلئے کارروائیوں اور جذبہ کو سراہا، انہوں نے امن اور استحکام کے لیے پاک فوج کے عزم کی تعریف بھی کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کو انسداد دہشت گردی آپریشنز کے حوالے سے بھی بریف کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترتی رہے گی، پاک فوج پاکستان کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں حکومت کی بھرپور حمایت کرے گی۔آرمی چیف نے دورے اور فوج پر اعتماد کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔