اسلام آباد(نیوزڈیسک)اٹلی کے قریب کشتی حادثہ میں جاں بحق ہونے والے مزید4پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی جن کا تعلق گجرات، منڈی بہاﺅالدین اور سیالکوٹ سے ہے ۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق چاروں افراد کی میتیں دو سے تین روز میں پاکستان لائی جائیں گی۔اگست کے مہینے میں اٹلی کے سمندر میں کشتی ڈوبنے سے سیکڑوں افراد ہلاک ہوئے۔ کشتی میں اکثریت ان لوگوں کی تھی جو روشن مستقبل کیلئے اپنی زندگیوں کو داﺅ پر لگا کر خطرناک ترین سفر اختیار کرکے یورپ جانا چاہتے تھے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق اٹلی کشتی حادثہ میں 28پاکستانی بھی جاں بحق ہوئے جن میں سے اب تک 12افراد کو شناخت کیا گیا اور 8 کی میتیں پاکستان لاکر آبائی شہروں میں سپرد خاک کردی گئیں ۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے چودھری سرور کے مطابق جاں بحق پاکستانیوں میں دیگر چار افراد کی شناخت گجرات کے علی حیدر اور راشد شاہ منڈی بہاﺅالدین کے قمرزمان اور سیالکوٹ کے مظہر اقبال کے نام سے ہوئی ہے۔چاروں افراد کی میتیں بھی اگلے دو سے تین روز میں پاکستان لائی جائیں گی۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اٹلی کے ساحلی شہر سِسِلی کے ڈیڈ ہاﺅس میں اس وقت 20پاکستانیوں کی لاشیں موجود ہیں۔