اسلام آباد(نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کیلئے ساڑھے 8 لاکھ سے زائد بیلٹ پیپرز کی چھپائی فوج کی نگرانی میں شروع کروا دی ہے، بیلٹ یپرز کی ترسیل بھی فوج کی نگرانی میں ہوگی۔پنجاب میں 11 اکتوبر کو 3 حلقوں این اے 122، 144 اور پی پی 147 میں ضمنی انتخابات کیلئے فوج کی نگرانی میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام جاری ہے۔این اے 122 لاہور 5 کیلئے ساڑھے 3 لاکھ سے زائد، این اے 144 اوکاڑہ 2 کیلئے 3 لاکھ کے قریب بیلٹ پیپرز چھاپے جارہے ہیں جبکہ پی پی 147 لاہور 11 کیلئے ایک لاکھ 40 ہزار بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے۔پرنٹنگ کارپوریش آف پاکستان میں قومی اسمبلی کے 2 حلقوں کیلئے سبز، صوبائی اسمبلی کیلئے سفید بیلٹ پیپرز چھاپے جارہے ہیں، تینوں حلقوں میں ووٹرز کی تعداد سے ایک فیصد زائد بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے، الیکشن کمیشن کے مطابق بیلٹ پیپرز کی ترسیل بھی فوج کی نگرانی میں ہی ہوگی۔