اسلام آباد(نیوز ڈیسک) گزشتہ کئی سالوں سے خسارے کا شکار پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری کے حوالے سے نجکاری کمیشن بورڈ کا اجلاس چیئرمین محمد زبیر کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں اکاون فیصد حصص فروخت کرنے کی سمری پیش کی گئی تاہم بورڈ نے اسٹیل ملز کے پچھتر فیصد حصص فروخت کرنے کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسٹیل ملز کی زمین فروخت کے بجائے لیز پر دی جائے گی۔ اجلاس میں چین کے بعد روس اور ترکی میں بھی نجکاری کے حوالے سے روڈ شوز منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نجکاری کی حتمی منظوری کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس میں آج لی جائے گی۔ جس کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہو گا۔ اس وقت اسٹیل ملز کا خسارہ ایک سو چالیس ارب روپے سے زیادہ ہے جبکہ ادارہ ایک سو پچیس ارب روپے کا مقروض بھی ہے۔ اسٹیل ملز انیس ہزار ایکڑ رقبے پر محیط ہے۔ اسٹیل ملز میں اس وقت 9 ارب روپے مالیت کا خام اور تیار مال بھی موجود ہے۔ اسٹیل ملز کے ملازمین 15 ہزار ہیں جن کی تنخواہوں کا خرچ ماہانہ اڑتالیس کروڑ روپے ہے۔