نیویارک(نیوزڈیسک)اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہاہے کہ ایران اسرائیل کو تباہ کرنا چاہتا ہے لیکن اسرائیل کو تباہ کرنا آسان کام نہیں،اسرائیل کو تباہ کرنے کے دن گزرگئے،ہم کسی بھی جارحیت کا منہ توڑجواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں،ایران یورینئیم کی افزودگی جاری رکھے ہوئے ہے اورخطرناک جوہری ہتھیاروں کی تیاری میں مصروف ہے،ایران اورعالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدہ تاریخی غلطی ہوگی،گزشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 70ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہاکہ ایران اورعالمی طاقتوں کے درمیان معاہدہ دنیا کی سب سے بڑی تاریخی غلطی ہے جب کہ عالمی طاقتوں نے ایران کو جوہری ہتھیاروں سے لیس کرنے کے لئے بہت سے سمجھوتے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ایسے ملک کے ساتھ کس طرح معاہدہ کرسکتا ہے جو مذاکرات کے دوران معاہدے کو امریکا کے لئے تباہی قراردے رہا تھا، اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے لیے سب سے بڑا خطرہ ایران ہے، ایران یہودیوں کا خاتمہ چاہتا ہے اور اسرائیل کو تباہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ تہران اپنے جوہری ہتھیاروں سے مشرق وسطی پر قبضہ قائم کرنا چاہتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدہ بے سود ہیں، ایران اپنی سرگرمیاں محدود نہیں کرے گا،اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ معاہدے کی صورت میں ایران پر عائد عالمی پابندی اٹھائے جانے کے بعد ایران اپنے تیل اور بینکنگ سیکٹرز سے اربوں کھربوں ڈالرحاصل کرلے گا اور یہ رقم دہشت گرد مراکز پر خرچ کرے گا جو دنیا کے لئے نیک شگون نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایران کے سپریم لیڈرکئی مرتبہ اسرائیل کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے بیان دے چکے ہیں حال ہی میں انہوں نے 400صفحات پر مشتمل ایک کتاب بھی لکھی ہے جس میں انہوں نے بارہا اسرائیل کو تباہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے انہوں نے کہاکہ ایران کا یہ خواب کبھی بھی پورا نہیں ہوگا ہم جاگ رہے ہیں اورایسی کوئی بھی غلطی ایران کے لیے تباہ کن ثابت ہوگی،انہوں نے کہاکہ وہ اوباما کے شکر گزارہیں کہ انہوں نے اسرائیل کے ساتھ ایران کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ہم امریکی صدرکے اس وجہ سے بھی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اسرائیل کی سیکورٹی بڑھانے اورکسی بھی جارحیت کی صورت میں فرنٹ لائن کا کرداراداکرنے کا عہد کیا ہے ،اسرائیل اورامریکہ کے تعلقات نہایت گہرے اورمضبوط ہیں ،اسرائیل اورامریکہ کے درمیان کوئی بھی لکیرنہیں آسکتی ،ہم ملکر دشمن کے خلاف لڑیں گے اوراسے نیست ونابود کردیں گے،اسرائیلی وزیراعظم نے کہاکہ جنہیں جنگ کی قیمت کا پتہ ہے وہ ایسا نہیں کریں گے کیونکہ جنگوں میں بچے،عورتیں ،ہماری فوجیں اورمعصوم شہری نشانہ بنتے ہیں ،ان کا کہناتھا کہ اسرائیل فلسطین کے ساتھ غیرمشروط مذاکرات کے لیے تیار ہے ،فلسطینی حکام میز پر ہمارے ساتھ بیٹھ کر مذاکرات کرسکتے ہیں ،گزشتہ روز صدرمحمود عباس نے اسی فلورپر کھڑے ہوکر کہاکہ وہ اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار نہیں ہیں جس کا انہیں افسوس ہوا مگر ہم چاہتے ہیں کہ وہ مذاکرات کی میز پر آئیں۔