لاہور(نیوزڈیسک) حلقہ این اے 122میں ضمنی الیکشن انتظامیہ کے لیے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد چیلنج بن گیا ۔ پی ایچ اے نے الیکشن کمیشن کے حکم پر حلقہ این اے 122 میں کاروائی شروع کی۔پہلے مرحلہ میں پی ایچ اے کی ٹیم دھرم پورہ اور گڑھی شاہو کے علاقہ میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے مقرر کردہ سائز سے بڑے بڑے فلیکس اور بینرز اتارے تو بس پی ٹی آئی اور ن لیگ کے کارکن طیش میں آ گئے اور ٹیم پر حملہ کر ڈالا۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کے امیدوار کی درخواست پر ریٹرننگ آفیسر نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزام میں سردار ایاز صادق اور علیم خان کو نوٹسز جاری کر دئیے جبکہ ریٹرننگ آفیسر کے حکم پر سی سی پی او لاہور نے بھی سردار ایاز صادق اور علیم خان کو ریٹرننگ افسران سمیت ضابطہ اخلاق پر میٹنگ کے لیے طلب کر لیا جس پر پی ٹی آئی کے امیدوار علیم خان نہیں آئے جبکہ ایاز صادق نے بھی اپنا نمائندہ بھجوا دیا۔الیکشن کمیشن نے بھی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کا حکم دیتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ بڑے سائز کے فلیکس اتار کر فوری ضبط کیے جائیں۔