نئی دہلی (این این آئی)بھارتی ویب سائٹس پر شیئر کی گئی رپورٹ کے مطابق ثانیہ مرزا کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 26 ملین ڈالر (تقریباً 216کروڑ بھارتی روپے)ہے۔ڈی این اے کے مطابق 2022 تک ثانیہ مرزا کی سالانہ آمدنی 25کروڑ بھارتی روپے تھی، ثانیہ کی آمدنی کے ذرائع میں مشہور برانڈز کی تشہیر ، ذاتی سرمایہ کاری اور ایک بزنس پراجیکٹ شامل ہے، یہی نہیں ثانیہ مرزا نے بھارت اور دبئی میں ثانیہ مرزا ٹینس اکیڈمی قائم کرکے کاروبار ی دنیا میں بھی قدم جمارہی ہیں۔
ثانیہ مرزا بھارت کے شہر حیدرآباد میں ایک خوبصورت محل جیسے گھر کی مالک ہیں جس کی قیمت بھارتی ویب سائٹ ذی نیوز کے مطابق 13 کروڑ بھارتی روپے ہے۔اس کے علاوہ ثانیہ کی ملکیت میں دبئی میں ایک وسیع و عریض جدید طرز کا گھر بھی ہے جو انہوں نے اپنے سابق شوہر شعیب ملک کے ساتھ مل کر خریدا تھا۔ڈی این اے انڈیا کے مطابق، ثانیہ کی لگژری کار کلیکشن میں ایک BMW- 7 سیریز( جس کی قیمت تقریبا ایک کروڑ 70 لاکھ بھارتی روپے)، ایک رینج روور Evoque جس کی قیمت 72 لاکھ بھارتی روپے سے زائد اور ایک Jaguar XE جس کی قیمت 46 لاکھ بھارتی روپے سے زائد ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ثانیہ مرزا کے پاس موجود دیگر گاڑیوں میں مبینہ طور پر مرسڈیز بینز، پورشے اور آڈی جیسی مہنگی ترین گاڑیاں بھی شامل ہیں۔