اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کا پلان بی سامنے آنے کے بعد آر اوز کیلئے حکمنامہ جاری کردیا جس میں الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ریٹرننگ افسران کسی ایک پارٹی کے امیدوار کو دوسری پارٹی کا انتخابی نشان نہ دیں۔ہفتہ کو الیکشن کمیشن کا یہ حکم نامہ پاکستان تحریک انصاف کا پلان بی سامنے آنے کے بعد جاری کیا گیا ۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ کے تحت امیدوار اپنی پارٹی وابستگی کا سرٹیفکیٹ دیتا ہے، ایک شخص ایک وقت میں ایک سے زیادہ پارٹی کا رکن نہیں ہو سکتا۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ایسی درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن سے الیکشن کمیشن کو دھوکا دیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کا عام انتخابات کا پلان بی سامنے آیا تھا جس کے مطابق بلے کا انتخابی نشان نہیں ملا تو پی ٹی آئی دوسری جماعت کے نام اور نشان پر الیکشن لڑے گی۔