نئی دہلی (نیوزڈیسک)بھارت نے اپنے جنگی جنون پر قائم رہتے ہوئے ہتھیاروں اور جنگی سازو سامان کے ڈھیر لگانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور اس نے اسرائیل سے مسلح ڈرونز طیاروں کی خریداری کے سمجھوتوں کے بعد اپاچی اور چینوک ہیلی کاپٹرز خریدنے کےلئے بھی سمجھوتے کرلئے ہیں ۔بوئنگ کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ بھارت نے 22اے ایچ 64ای اپاچی لڑاکا ہیلی کاپٹر اور پندرہ سی ایچ 47ایف چینوک مال بردار ہیلی کاپٹروں کا آرڈر دیا ہے ۔اپاچی ہیلی کاپٹر امریکی فوج استعمال کرتی ہے جبکہ چینوک ہیلی کاپٹر روس کی پیداوار ہیں اور یہ جنگی سازو سامان کے منتقلی کے حوالے سے سب سے بڑے ہیلی کاپٹر تسلیم کئے جاتے ہیں ۔بھارتی حکام کے مطابق ا س سمجھوتے سے بھارت کی فوجی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا بوئنگ انڈیا کے صدر پراتش کمار نے کہاکہ بھارت کےلئے بوئنگ کی تاریخ میں یہ اہم سنگ میل ہے جس سے بھارتی فضائیہ کی کار کر دگی اور صلاحیت بڑھے گی اور ہم یہ ہیلی کاپٹر بھارت میں بھی تیار کر نے کے قابل ہو جائینگے ۔کمپنی کے نائب صدر ڈیلس سوان سن نے کہاکہ اپاچی اور چینوک ہیلی کاپٹر جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہیں اور اس سے بھارت کی دفاعی صلاحیتوں میں جدت آئےگی ہم بھارت کو جلد از جلد یہ ہیلی کاپٹر فراہم کر نے کی کوشش کرینگے ۔