کراچی (نیوزڈیسک) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف نے کہا ہے کہ متحدہ مسلم لیگ کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکمران عوام کے مسائل کے حل میں ناکام ہوچکے ہیں۔ عوام کے مسائل تیسری سیاسی قوت ہی حل کرسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اپنی رہائش گاہ پر مختلف مسلم لیگی رہنماﺅں کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال اور متحدہ مسلم لیگ کے قیام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میںسینیٹر سردار ذوالفقار کھوسہ، سردار دوست محمد کھوسہ، حامد ناصر چٹھہ، سردار عتیق خان، عمر فاروق، اقبال ڈار، میاں آصف، ڈاکٹر محمد امجد،راشدقریشی اور دیگر نے شرکت کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیاہے کہ متحدہ مسلم لیگ کے قیام کے حوالے سے اہم اجلاس کراچی یا اسلام آباد میں جلد بلایا جائے گا اور اجلاس بلانے کی تاریخ کا تعین تمام رہنماﺅں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ متحدہ مسلم لیگ کے قیام کے حوالے سے رابطوں کو مزید تیز کیا جائے گا۔