پشاور(نیوزڈیسک) خیبر پختونخوا حکومت کے وفد نے آفتاب شیر پاؤ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی وطن پارٹی کو کے پی کے حکومت میں شامل کرنے کا تحریری معاہدہ طے پا گیا ہے۔ معاہدے کے تحت معدنیات، آبپاشی اور ہوم منسٹری میں سے 2 وزارتیں قومی وطن پارٹی کو دی جائیں گی۔ وفد میں خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک، جہانگیر ترین، شاہ فرمان اور عاطف فرمان نے شرکت کی۔ قومی وطن پارٹی کی خیبر پختون خوا حکومت میں شمولیت کے حوالے سے تحریری معاہدے کی کاپی ایک نجی ٹی وی کو موصول ہو گئی ہے۔ معاہدے کی کاپی پر جہانگیر ترین، وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک اور قومی وطن پارٹی کے سکندر شیرپاؤ کے دستخط ہیں۔ یہ معاہدہ 13 نکات پر مشتمل ہے۔ قومی وطن پارٹی کو دو وزراتیں ، دو معاون خصوصی کی نشتیں دی جائیں گی۔ سکندر شیرپاؤ کو سیںئر وزیر کا عہدہ دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ اور قومی وطن پارٹی کے مابین گزشتہ تین ماہ سے حکومت میں شمولیت کے حوالے سے مذاکرات جاری تھے۔