اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ہم عموماً رات کے وقت ہڑبڑا کر نیند سے بیدار ہو جاتے ہیں۔ اب تک اس کی وجہ ایک معمہ بنی ہوئی تھی لیکن اب ماہرین نے اس راز سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ ماہرین نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا ہے کہ جب ہم سوتے ہیں تو ہماری نیند ہلکی ہوتی ہے لیکن سونے کے 45منٹ سے 1گھنٹہ بعد ہماری نیند گہری ہو جاتی ہے اور تب ہماری آنکھیں تیزی کے ساتھ حرکت کرتی ہیں جسے Rapid eye movement(REM) کہا جاتا ہے۔آنکھوں کی اسی تیز حرکت کے دورانیے میں اگر ہماری نیند میں کوئی خلل پیدا ہو تو جسم میں اس کے رد عمل کے طور پر ایک جھٹکا محسوس ہوتا ہے اور ہم ہڑبڑا کر اٹھ بیٹھتے ہیں۔ پروفیسر گیبے بیڈر کا کہنا ہے کہ جب نیند گہری ہوتی ہے تو یہی وقت ہوتا ہے جب آپ کوئی خواب دیکھتے ہیں۔ اس دوران آپ کے تمام مسلز مفلوج ہو جاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آپ خواب میں عملاً کچھ نہیں کر سکتے، یعنی اگر آپ خواب میں دوڑ رہے ہوں تو آپ عملاً نہیں دوڑ سکتے۔ بعض اوقات آپ نیند کے اس مرحلے نسبتاً تیزی کے ساتھ داخل ہو جاتے ہیں اور چونکہ ابھی مسل پوری طرح مفلوج نہیں ہوتے، لہٰذا آپ کی زہنی کیفیات کے ساتھ جسم میں بھی اچانک حرکت کی کیفیت نظر آتی ہے جس سے آپ بیدار ہو جاتے ہیں۔اس وقت چونکہ آپ کے اعصاب اور مسلز بیدار ہونے کے لیے تیار نہیں ہوتے لہٰذا آپ ایک جھٹکے کے ساتھ بیدار ہوتے ہیں اور کافی دیر بعد آپ کو اصل صورتحال سے آگاہی ہوتی ہے۔