اسلام آباد (این این آئی)انتخابات میں الیکشن کمیشن کا مجموعی طور پر 10لاکھ 7ہزار 361 کا عملہ تعینات کیا جائیگا،حتمی فہرستیں جاری کردی گئیں۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں، الیکشن کے دوران فرائض انجام دینے والے انتخابی افسران اورعملے کی فہرستیں مرتب کرلی ہیں جن میں پریذائیڈنگ، اسسٹنٹ پریزائیڈنگ اور پولنگ عملہ شامل ہے۔
الیکشن کمیشن کی فہرستوں کے مطابق ملک بھر میں عام انتخابات کے دوران مجموعی طور پر 10لاکھ 7ہزار 361کا عملہ تعینات کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں مجموعی طور پر 5لاکھ 26ہزار123افسران اور عملہ تعینات کیا جائے گا، صوبے میں 3لاکھ 10ہزار 968 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران ڈیوٹی دیں گے، 54ہزار706پریذائیڈنگ افسران اور 1لاکھ 60ہزار 445پولنگ اسٹاف ہوگا۔سندھ میں مجموعی طور پر 2لاکھ 64ہزار 100افسران اور عملہ ہوگا، یہاں 20ہزار315پریذائیڈنگ افسران اور 81,262پولنگ عملہ تعینات ہوگا، جبکہ 1لاکھ 62ہزار 523اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران ڈیوٹی دیں گے۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا میں کل 1 لاکھ 66ہزار 655افسران و عملہ ہوگا، صوبے میں 16ہزار525 پریذائیڈنگ افسران تعینات ہوں گے، جب کہ اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران 1لاکھ 85اور 50ہزار 45پولنگ عملہ ڈیوٹی دے گا۔ذرائع نے بتایا کہ بلوچستان میں کل 50ہزار 491افسران اورعملے کو نامزد کیا جائیگا، جن میں 5,266پریذائیڈنگ افسران، 30,150اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور 15,075پولنگ عملہ شامل ہے۔