کراچی (این این آئی)سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان پٹرولیم لیمیٹڈ کے خلاف انکوائری کیس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ضرور انکوائری کے حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوی کردی ۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیا آپ لوگوں نے وقت ضائع کرنے کی عادت بنا لی ہے۔جب آج کا نوٹس کیا تھا تو کوء رپورٹ پیش کیوں نہیں کی جاسکی اور جس کے خلاف انکوائری شروع کی گئی ہے وہ تو عدالت توآج پیش ہوگئے اور آپ خالی ہاتھ ہی یہاں آگئے۔
جسٹس امجد علی سہتو نے ریمارکس دیئے کہ ملک میں کوئی ایسا ادارہ بھی ہے جو عوام کو تنگ نہ کرتا ہو؟عدالت نے ایف آئی اے سے استفسار کیا کہ جس کے خلاف انکوائری شروع کی ہے اس کے خلاف کچھ نہ کچھ مواد تو جمع کیا ہوگا۔ایف آئی اے افسر عدالت میں اس سوال کا جواب دینے سے قاصر ہوگئے۔
وکیل پی پی ایل نے نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کو یہ بھی ہدایت کر دی جائے کہ تین کی بجائے ایک انکوائری کر لی جائے۔عدالت نے پی پی ایل کے وکیل سے کہا کہ ایسا حکم ہم نہیں دے سکتے معاملہ تو ابھی ابتداء مراحل میں ہے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر ضرور انکوائری کے حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوی کردی