نیویارک (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ کے جاری سالانہ سیشن کے دوران سلامتی کونسل کا مستقل رکن بننے کی بھارتی امیدیں امریکا کی وجہ سے دم توڑ گئیں کیونکہ چار بڑے ممالک (جی فور) امریکا کی حمایت کے حصول میں ناکام ہوگئے۔جنگ رپورٹر صالح ظافر کے مطابق چین اور روس پہلے ہی جی فور کے اقدامات کی مخالفت کر رہے ہیں۔ باخبر ذرائع نے قومی اخبار کو بتایا ہے کہ بھارت کو امید تھی کہ اہم ممالک بھارتی موقف کی تائید کریں گے لیکن اقوام متحدہ کے اجلاس اور افتتاحی خطاب میں سلامتی کونسل میں توسیع کا معاملہ شروع سے ہی غائب رہا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب امریکا نے جی فور کے حوالے سے موقف کی تائید کرنے سے انکار کردیا۔ ذرائع کے مطابق امریکی حکام کی جانب سے جب بھارت کو اپنے موقف سے آگاہ کیا گیا تو یہ بھارتی لابسٹس کیلئے مایوس کن وقت ثابت ہوا۔ ذرائع کے مطابق امریکا نئی دہلی کو یقین دہانی کراتا رہا ہے کہ وہ سلامتی کونسل میں جاپان اور بھارت کی مستقل رکنیت کی حمایت کرے گا لیکن اب بھارت کو مطلع کیا گیا ہے کہ جی فور کی حمایت ممکن نہیں۔ ذرائع کا کہنا تھاکہ بھارتی وزیراعظم نے اپنے ملک میں عوام کو یہ تاثر دے رکھا تھا کہ وہ آئندہ ماہ وطن واپسی پر بھارت کیلئے مستقل رکنیت اپنی جیب میں رکھ کر لائیں گے جس پر اب مایوسی کا سامنا ہے۔