لاہور ( این این آئی) ایف آئی اے نے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے منظم گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون سرفراز ورک کی ہدایت پر غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ملک سکندر حیات کی زیر نگرانی ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے منظم گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا گیا۔
ملزم عدنان رئیس کو کاپر روڈ لاہور سے گرفتار کیا گیا ، ملزم بغیر لائسنس غیر ملکی کرنسی کی ایکسچینج میں ملوث تھا، ملزم سے لاکھوں مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی گئی ۔ ملزم کے قبضے سے 3300امریکی ڈالر، 3200سعودی ریال، 13000تھائی لینڈ بھات، 7500عراقی دینار ،1100ملائشین رنگیٹ، 840آسٹریلین ڈالر، 315کینڈین ڈالر ،چائینیز یوآن، کویتی دینار، یورو، قطری ریال اور پاکستان روپے بھی برآمد ہوئے ۔ ملزم کے خلاف کاروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی، ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا۔ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔