اسلام آباد (این این آئی)وزارت داخلہ نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)کو جعلی پاکستانی پاسپورٹس رکھنے والے ساڑھے 12 ہزار افغان باشندوں کے شناختی کارڈ منسوخ کرنے کی ہدایت کر دی۔گزشتہ دنوں سعودی عرب میں 12 ہزار افغانوں سے جعلی پاکستانی پاسپورٹس برآمد ہوئے تھے جس کے بعد تحقیقات کے لیے کمیٹی بنائی گئی۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)ذرائع کے مطابق کوئٹہ اور پشاور سے ساڑھے 5 ہزار شناختی کارڈ افغان باشندوں کو جاری کیے گئے جبکہ 593 افغانوں کو اسلام آباد سے شناختی کارڈ جاری ہوئے تاہم اب وزارت داخلہ نے نادراکو جعلی پاکستانی پاسپورٹس رکھنے والے ساڑھے 12 ہزار افغان باشندوں کے شناختی کارڈ منسوخ کرنے کی ہدایت کر دی۔
ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں پکڑے گئے افغانوں کے پاسپورٹ ، شناختی کارڈز منسوخی کے بعد ضبط ہوں گے۔ذرائع ایف آئی اے نے بتایا کہ 12 ہزار 500 افغانیوں کو سیکشن 18 کا نوٹس جاری کرنیکافیصلہ کیا گیا ہے ، 593 افغانیوں کو اسلام آباد سینٹرز سے شناختی کارڈ جاری ہوئے جبکہ کوئٹہ اور پشاور سے ساڑھے 5ہزار شناختی کارڈ افغانیوں کو جاری کئے گئے۔
ذرائع کے مطابق نادرا حکام نے افغانیوں کے جعلی پاسپورٹس ،شناختی کارڈ پر باضابطہ کارروائی کا آغاز کر دیا اور کراچی ، کوئٹہ،لاہور،اسلام آباد،پشاور سمیت تمام سینٹرز کے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردی ہے۔ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں پکڑے گئے افغانیوں کے پاسپورٹ،شناختی کارڈزمنسوخی کے بعدضبط ہوں گے۔