اسلام آباد(این این آئی)ملک میں اسکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد 2کروڑ 80لاکھ تک پہنچ گئی جو 2021میں 1کروڑ 87لاکھ تھی۔وزارت تعلیم کی دستاویز کے مطابق 2کروڑ 80لاکھ سے زائد بچے اسکول سے باہر ہیں۔اعداد و شمار وفاق میں نگراں وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے وزیر تعلیم پنجاب کے نام خط میں ظاہر کیے۔
گزشتہ اندازے کے مطابق اسکول سے باہر بچوں کی تعداد 2کروڑ 20لاکھ تھی۔ 2021میں کابینہ کو بتایا گیا تھا کہ اسکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد 1کروڑ 87لاکھ ہے۔اس وقت ہر 4میں سے 1بچہ اسکول جانے سے محروم تھا جس میں مزید اضافہ ہو چکا ہے۔پاکستان میں اسکول نہ جانے والے بچوں کا تناسب دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔وفاق کی جانب سے صوبوں کو اپنی حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کر دی گئی۔ ملک میں مجموعی پیداوار کا محض 1.7فیصد تعلیم پر خرچ کیا جاتا ہے۔