لاہور( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان نواز شریف کا اپنا ملک ہے انہیں ادھر ہی ہونا چاہیے، نواز شریف کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک ہونا چاہیے، (ن) لیگ کو جلسے کی اجازت ہے اور پی ٹی آئی کو نہیں ہے ، الیکشن کمیشن کو اس کا نوٹس لینا چاہیے، چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کی ،سب پاکستانیوں کو فلسطین کے حق میں آواز اٹھانی چاہیے ۔عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعت کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو ہونا چاہیے، پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے اثرات دیگر اشیا ء پر بھی ہونے چاہئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کو لاہور میں جلسے کی اجازت نہیں تو پھر کسی کو نہیں ہونی چاہیے، الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہیے ،(ن)لیگ کو اجازت ہے لیکن پی ٹی آئی کو نہیں ہے ،جلسے کے حوالے سے پی ٹی آئی کی درخواست عدالت میں ہے، انصاف یہ کہتا ہے کہ جلسے کی اجازت سب جماعتوںکو ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کی ،اجازت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ میری ذاتی خواہش ہے الیکشن جلد سے جلد ہوں، نوازشریف اور چیئرمین پی ٹی آئی کو الیکشن لڑنے کا موقع دینا چاہیے اور پھر ان کا فیصلہ عوام پر چھوڑ دیا جائے۔انہوںنے کہا کہ اگر فلسطین کے معاملے پر خاموش رہیں گے تو نگران حکومت کو باہر سے آشیرباد مل جائے گا تو یہ ان کی غلط فہمی ہے، اگر ہم چاہتے ہیں کہ کشمیر کو حق ملے تو ہر مظلوم کیلئے آواز اٹھانی چاہیے۔