اسلام آباد(نیوزڈیسک )دنیا بھر میں سا لا نہ ایک کروڑ ستر لاکھ سے زائد افراد مختلف امراض قلب میں مبتلا ہو کر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔طبی ماہرین کے مطابق پاکستان کی آبادی کا 20فیصد دل کے مختلف امراض میں مبتلا ہیں۔دل انسانی جسم کا سب سے اہم عضو ہے ،دل کی مختلف بیماریوں کی آگاہی کے سلسلے میں ورلڈ ہارٹ فیڈریشن کی جانب سے دنیابھر میں ہر سال 29 ستمبر کو عالمی یوم قلب منایا جاتا ہے۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ تھوڑی سی احتیاط دل کے کئی امراض سے بچاسکتی ہے ،کھانے پینے میں بے احتیاطی،تمباکو نوشی کے باعث کم عمر کے افراد بھی دل کے مختلف عارضوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ دل کی بیماریوں کا اعلاج تو ممکن ہے لیکن مہنگا اور آگاہی نہ ہونے کے باعث اکثر لوگ وقت گزر جانے کے بعد اپنے معالج کے پاس جاتے ہیں۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں سالانہ ایک کروڑ ستر لاکھ سے زائد افراد دل کے امراض کے باعث جاں بحق ہو جاتے ہیں،دل کے امراض سے بچنے کے لیئے جہاں تمباکو نوشی،پان ،چھالیہ کا تدارک ضروری ہے وہیں ورزش اور صحت مند غذا بھی انتہا ئی اہم ہے۔