اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین کی 9 مقدمات میں ٹرائل کورٹ سے ضمانت کی درخواستیں مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔پیر کو عدالتِ عالیہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی عدم پیروی پر مسترد درخواستیں بحال کر دیں۔انسدادِ دہشت گردی کی عدالت اور 3 سیشن کورٹس نے 6 درخواستیں مسترد کی تھیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ تمام درخواستیں متعلقہ ٹرائل کورٹس میں بحال تصور ہوں گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی سیشن عدالت میں ضمانت کی 6 درخواستیں جبکہ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں بھی 3 ضمانت کی درخواستیں بحال ہو گئیں۔واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعات، جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کیس، توشہ خانہ رسید جعل سازی مقدمہ اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی ضمانت کی درخواستیں مسترد ہوئی تھیں۔چیئرمین پی ٹی آئی کی اقدامِ قتل کے مقدمے میں ضمانت کی درخواستیں بھی مسترد ہوئی تھیں۔ٹرائل کورٹس نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستیں عدم پیروی پر خارج کی تھیں۔