کراچی (این این آئی) ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل ٹیم نے ٹریڈ بیس منی لانڈرنگ کیس میں ایک شوروم کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 4گاڑیاں ضبط کرلیں۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے کار شوروم مالکان کے خلاف تحقیقات جاری ہے ، کراچی میں ٹریڈ بیس منی لانڈرنگ کیس میں ایک شوروم کیخلاف کارروائی کی گئی۔کارروائی کے دوران خالدبن ولیدروڈ پر موجود شوروم کی چار گاڑیاں سیزکردی گئیں، سیز ہونے والی گاڑیوں میں لینڈ کروزر، اوڈی اور ٹویوٹا شامل ہیں۔
ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل ٹیم کی جانب سیکارروائی کی گئی ، ترجمان نے بتایا شوروم مالکان کاروں کی درآمد سے متعلق دستاویزات پیش نہ کرسکے۔کال اپ نوٹس کے دوران پہنچنے والے شوروم مالکان سے تفتیش جاری ہے ، کراچی کے تیرہ مزیدشورومز مالکان کو نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں اور مجموعی طور پر 17 شو رومز کو نوٹس جاری کرچکے ہیں، نوٹس کلفٹن،شارع قائدین اورخالد بن ولید روڈپر شورومز کو دیئے گئے۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ دستاویزات پیش نہ کرنیوالے شورومز کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔