نئی دہلی (این این آئی)پاکستان اور انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)کے خلاف بھارت کا ایک اور جھوٹا پروپیگنڈہ بے نقاب ہوگیا۔ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے بھارت نے ہردیپ کا قتل پاکستان پر تھوپ دیا۔میڈیارپورٹ کے مطابق مودی سرکار پاکستان کو بدنام کرنے کے مذموم پروپیگنڈے میں شب و روز مصروف ہے۔بھارتی میڈیا نے پاکستان کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے کے اپنے ہی ریکارڈز توڑ دئیے۔بھارتی میڈیا حکومتی سطح پر کسی بھی دہشت گردی کے واقعے کا الزام منٹوں میں بغیر کسی ثبوت، تحقیق یا تصدیق کے پاکستان پرڈال دیتا ہے، پاکستان اور حساس اداروں پر الزام تراشی بھارت کا وطیرہ بن چکا ہے۔
مقبوضہ کشمیرمیں دہشت گردی پر بھی بھارتی میڈیا پاکستان کو موردِ الزام ٹھہراتا رہا ہے، جنگی جنون میں مبتلا بھارت کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی کہ اپنی ہی کی ہوئی دہشت گردانہ کارروائیوں کا الزام بغیر کسی ثبوت کے پاکستان کے سر تھوپ دو۔اس بار بوکھلاہٹ کے شکار بھارتی میڈیا نے ہردیپ سنگھ کے قتل کا الزام بغیر کسی ثبوت کے پاکستان کی خفیہ ایجنسی پر لگا دیا، بھارت کی جانب سے ہردیپ سنگھ کے قتل پر بھارتی ایجنسیوں کے ملوث ہونے کی تصدیق پہلے ہی عالمی سطح پر عیاں ہو چکی ہے۔
بھارت کی انسانیت سوز پالیسیوں، ہمساوں کے خلاف جعلی نیٹ ورک کا ڈھٹائی سے استعمال، خطے نہیں بلکہ عالمی امن کے لیے بھی بد ترین خطرہ ہے، بھارت کی مودی سرکار کے ہاتھوں دنیا بھرمیں رسوائی ہو رہی ہے۔مودی سرکار نے بھارت کو تو یرغمال بنا ہی رکھا ہے جبکہ رہی سہی کسر بھارتی میڈیا نکال دیتا ہے۔ ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کی عالمی تصدیق کے بعد بھارت کا پاکستانی ایجنسی پر الزام لگانا مضحکہ خیز ہے۔