اسلام آبا د(این این آئی)حکومت پاکستان نے ملک بھر میں فری لانسرز اور اسٹارٹ اپس کی سہولت کے لیے جدید ترین سہولیات سے لیس 5 ہزار ای ورکنگ سینٹرز قائم کرنے کا اعلان کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نگران وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف کے مطابق حکومت ملک بھر میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے مشترکہ ای ورکنگ سینٹرز قائم کرے گی۔رپورٹ کے مطابق پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ملک بھر میں مشترکہ ای سینٹرز قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔نگران وزیر کے مطابق مشترکہ ای سینٹرز کے قیام سے ملک میں سرمایہ کاری بڑھے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
ڈاکٹر عمر سیف کے مطابق مشترکہ ای سینٹرز کے قیام کے سلسلے میں ہی وہ جلد سعودی عرب کا دورہ بھی کریں گے جبکہ مذکورہ سینٹرز میں کام کرنے والے فری لانسرز اور اسٹارٹ اپس کو بلاسود قرضے بھی دیے جائیں گے۔انہوں نے پاکستان سافٹ ویئر بورڈ کو ملک بھر کے آئی ٹی پروفیشنلز اور کمپنیوں کی مدد کرنے اور انہیں عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس کے دوران نگران وزیر نے بتایا کہ انہوں نے آئی ٹی کے شعبے میں ڈالرز کی بلا روک فراہمی کے لیے نگران وزیر خزانہ سے ملاقات کی ہے اور انہوں نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ آئی ٹی کے شعبے کی مشکلات کو دور کیا جائے گا۔نگران وزیر نے پاکستان سافٹ ویئر بورڈ کو آئی ٹی کی ایکسپورٹ 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کی ہدایات کیں اور ساتھ ہی حکام کو حکم دیا کہ ملک بھر میں 2 لاکھ آئی ٹی پروفیشنلز کی اعلیٰ تربیت کے پروگرام کو تیز کیا جائے۔