اسلام آباد(این این آئی)نیب نے جعلی اکائونٹس کیس کے تمام 43کیسزکھول دئیے، 186ملزمان کے نام ای سی ایل پررکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ نیب ذرائع کے مطابق فیصلہ قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد کیا گیا، نیب کی قانونی ٹیم احتساب عدالتوں سے دس ریفرنسزدوبارہ کھولنے کی استدعا کردی۔ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں 12انویسٹی گیشن اور 21انکوائری دوبارہ شروع کردی گئی،نیب راولپنڈی نے سابق صدر آصف علی زرداری ، فریال تالپور ،اومنی گروپ، بلال شیخ، حسین لوائی سمیت 52ملزمان نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جعلی اکائونٹس کیس کے64ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں گئے، بارہ مفرورملزمان کو ملک واپس لانے کی کوشش کی جائیگی۔نیب ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزراء اعظم نواز شریف اوریوسف رضا گیلانی، سابق ایم پی اے فریال تالپوراور خواجہ انور مجید سمیت186ملزمان کے نام ای سی ایل پررکھنے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔سابق صدر آصف علی زرداری 4کیسز میں نواز شریف،یوسف رضا گیلانی اور فریال تالپور ایک ایک کیس جبکہ خواجہ انور مجید(اومنی گروپ)9کیسز میں ملزم نامزد کئے گئے ہیں۔