آکلینڈ(این این آئی)خیبر پختونخوا کی سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی)اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او)بٹگرام سونیا شمروز خان نے عالمی ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔سونیا شمروز خان کو بہترین پولسنگ اور خواتین پر تشدد کی روک تھام کے حوالے سے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں پولیس آفیسر آف دی ایئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
خاتون پولیس آفیسر ڈی پی او بٹگرام سونیا شمروز کو بہترین پولیسنگ اور خواتین پر تشدد کی روک تھام پر ایوارڈ دیا گیا۔ ایس ایس پی سونیا شمروز کو انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمن پولیس نے ایوارڈ دیا۔ سونیا شمروز خان ڈی پی او چترال اور دیگر عہدوں پر بھی کام کرچکی ہیں، انہوں نے جبری شادیوں کی روک تھام کیلئے شکایتی سیل بھی قائم کیے تھے۔ ایس ایس پی سونیا شمروز نے بتایا کہ وہ اپنا ایوارڈ صنفی امتیاز کی متاثرہ خواتین اور محنتی خواتین پولیس آفیسرز کے نام کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پولیس اہلکار امن و سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے ان تھک محنت کر رہی ہیں، کام کے دوران انہوں نے ثقافتی اصولوں اور حساسیت کو مدنظر رکھا اسی وجہ سے خواتین سے متعلق جرائم کی رپورٹنگ میں اضافہ ہوا ہے۔سونیا شمروز نے کہا کہ بٹگرام میں خواتین رپورٹ درج کرنے پولیس اسٹیشن نہیں آتی تھیں، اب خواتین ہماری مدد لینے آتی ہیں۔