لاہور( این این آئی)ملک بھر میں گیس چوروں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران لاہور کے علاقے گلشن راوی میں گیس کی بڑی چوری پکڑی گئی۔ سوئی ناردرن کی ٹیم کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ ہوزری فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا جہاں پورا کارخانہ چوری شدہ گیس سے چلایا جارہا تھا۔ کارخانے میں زیر زمین بائے پاس لگا ہوا تھا اور بڑے کمپریسرز کے ذریعے کروڑوں روپے مالیت کی گیس چوری کی جارہی تھی۔ موقع سے علاقہ پولیس نے دو گیس چوروں کو بھی گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب پنجاب، خیبر پختونخواہ اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گیس چوری کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران مزید 211گیس کنکشن منقطع کردئیے گئے، گیس چوری میں ملوث افراد پر 28 لاکھ کے جرمانے عائد کردئیے گئے ہیں۔
سوئی ناردرن گیس نے پشاور میں گیس کے براہ راست استعمال، غیر قانونی کنکشن پر 33 کنکشن منقطع کیے جانے کے علاوہ گیس چوری پر چار لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔ راولپنڈی میں ریجنل ٹیم نے دو گیس کنکشن منقطع کیے۔ مردان میں گیس کے براہ راست استعمال پر تین گیس کنکشن منقطع کردئیے گئے۔ ایبٹ آباد میں بھی ایک غیر قانونی کنکشن منقطع کردیا گیا۔ سیالکوٹ میں کمپریسر کے استعمال پر سات گیس کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ 14 لاکھ کے جرمانے عائد کیے۔ سرگودھا میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر پانچ کنکشن منقطع کردئیے گئے۔ گوجرانوالہ میں ریجنل ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 12 گیس کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ گیس چوری کی مد میں 84 ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کیے۔
گیس کے غیر قانونی استعمال پر گجرات میں کارروائیوں کے دوران سات صارفین جبکہ کمپریسر کے استعمال پر ایک صارف کا گیس کنکشن منقطع کردئیے گئے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر دو کنکشن منقطع کردئیے گئے۔ ساہیوال میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر چھ کنکشن منقطع کردئیے گئے۔ فیصل آباد میں ریجنل ٹیم نے کریک ڈائون کے دوران 40 کنکشن منقطع کردئیے۔ لاہور میں میٹر سے چھیڑ چھاڑ اور جعلی میٹر کے استعمال پر دو، لائن کی غیر قانونی توسیع پر ایک جبکہ گیس کے غیر قانونی تجارتی استعمال پر پانچ کنکشن منقطع کردئیے گئے۔ لاہور ریجنل ٹیم نے گیس چوری کی مد میں 9 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے بہاولپور میں ریجنل ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے کمپریسر کے استعمال پر 15 جبکہ گیس کے غیر قانونی استعمال پر پانچ کنکشن منقطع کردئیے۔ ملتان میں ریجنل ٹیم نے کمپریسر کے استعمال پر 20 جبکہ غیر قانونی استعمال پر 31 گیس کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ گیس چوری کی مد میں 49 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے۔ شیخوپورہ میں میٹر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ پر سات جبکہ لائن کی غیر قانونی توسیع پر چھ کنکشن منقطع کردئیے گئے۔