اسلام آباد(نیوزڈیسک) ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کو دھمکی آمیز فون کال ملنے کے بعد استنبول جانے والی پرواز کو روک لیا گیا۔اسلام آباد کے بے نظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ میں اے ایس ایف کے کنٹرول روم پر نامعلوم فون کال موصول ہوئی تھی جس میں استنبول جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز میں دھماکا خیز مواد کی موجودگی کا کہا گیا تھا۔اے ایس ایف حکام نے دھمکی آمیز فون کال پر فوری طور پر طیارے کی تلاشی کے لئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا۔ جس نے طیارے اور مسافروں کے سامان کی مکمل تلاشی لینے کے بعد کلئیرنس دی، جس کے بعد طیارہ مسافروں کو لے کر اپنی منزل مقصود کی جانب روانہ ہوگیا۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس ادارے کے اہلکاروں نے دھمکی آمیز فون کال کی تفتیش شروع کردی ہے۔