نیویارک(نیوزڈیسک)عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی ایک رپورٹ کے مطابق یورپ میں رہنے والے زیادہ تر لوگ بہت موٹے ہیں۔رپورٹ کا کہنا ہے کہ یورپ کی آبادی کے 59 فیصد لوگوں کا وزن یا تو زیاہ ہے یا پھر وہ بہت موٹے ہیں۔ڈبلیو ایچ او کے یورپی صحت کے ادارے کی رپورٹ کے مطابق یورپ کے خطے کے ساتھ ساتھ کچھ ایشیائی ممالک میں شراب اور تمباکو کا سب سے زیادہ استعمال کیا جا رہا ہے۔عالمی ادارے صحت کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ اس کے نتیجے میں ہو سکتا ہے کہ خطے کے نوجوا ن اپنے خاندان کے بڑوں کی عمروں تک نہ پہنچ پائیں۔رپورٹ نے ان ممالک کی تعریف کی جو سرطان اور ذیابیطس جیسے امراض کے کیسوں میں کمی لائے ہیں۔تاہم رپورٹ نے خبردار کیا ہے کہ یورپ میں 30 فیصد لوگ اب بھی تمباکو نوشی کرتے ہیں جس کی سطح کسی بھی خطے سے زیادہ ہے۔عالمی سطح پر اس سال شراب کی کھپت میں بھی 11 لیٹر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔دوسری طرف زیادہ وزن کے لوگوں کا تناسب 45 سے لے کر 67 فیصد تک ہے۔ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار تشویش ناک ہیں۔ڈبلیو ایچ او کے یورپ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سوزانا جیکب نے کہاکہ اس رپورٹ میں پیش رفت نظر آتی ہے لیکن اگر تمباکو نوشی اور شراب کی کھپت اسی طرح بڑھتی رہی تو اس پیش رفت میں کمی آ سکتی ہے۔