کراچی (این این آئی) ایف آئی اے نے حوالہ ہنڈی کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 5ملزمان کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے 35000 امریکی ڈالر اور موبائل فونز برآمد کرلئے۔تفصیلات کے مطابق ڈالر اسمگلروں کیخلاف کریک ڈاون جاری ہے، کراچی میں ایف آئی اے نے حوالہ ھنڈی کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 5ملزمان گرفتارکرکے مجموعی طور پر 35000 امریکہ ڈالر نقد اور موبائل فونز برآمد کرلئے۔ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان میں زیاد خان ،محمد عرفان، فرقان محمد سلیم ،محمد رضا اور سید اسامہ شامل ہیں، ملزمان 23000 امریکی ڈالر کی خرید و فروخت کے حوالے سے بھی حکام کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔
ملزمان کے موبائل فونز میں غیر ملکی کرنسی اور حوالہ ہنڈی کے حوالے سے درجنوں پیغامات بھی موجود پائے گئے، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب ایف آئی اے کے پی زون کی بھی حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائیاں جاری ہے ، ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ 20دن میں حوالہ ہنڈی کیخلاف 27 چھاپے مارے گئے، حوالہ ہنڈی میں ملوث 28 افراد کو گرفتار کیا گیا اور ملزمان سے حوالہ ہنڈی کے 10 کروڑ 27 لاکھ روپے برآمد ہوئے۔