اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت عارف علوی سے سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے خفیہ ملاقات کی، دونوں شخصیات کی ملاقات پون گھنٹے تک جاری رہی، ذرائع کے مطابق سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی کی صدر عارف علوی سے جمعرات کی دوپہر ایوان صدر میں ملاقات ہوئی، ذرائع کے مطابق محمد علی درانی کی سیاہ رنگ کی لینڈ کروزر دوپہر 12 بجکر چالیس منٹ پر ایوان صدر میں داخل ہوتے دیکھی گئی جبکہ دن 2 بجکر 10 منٹ پر ان کی گاڑی ایوان سے باہر نکلتے ہوئے دیکھی گئی،
ذرائع ایوان صدر نے ملاقات کو خفیہ رکھا اور اس کی کوئی باضابطہ خبر جاری نہیں کی، ذرائع کے مطابق محمد علی درانی نے ماضی میں شہباز شریف سے اس وقت جیل میں ملاقات کی تھی جب وزیراعظم عمران خان تھے، ذرائع کے مطابق ماضی میں شہباز شریف سے جیل میں ملاقات کے بعد محمد علی درانی نے مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کی تھی ،ان ملاقاتوں کے نتیجے میں شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کی راہ ہموار ہوئی تھی، ذرائع کے مطابق صدر عارف علوی سے محمد علی درانی کی خفیہ ملاقات کے بعد سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں