لاہور (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات کے لئے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر ناراض ہونے والے پارٹی رہنماﺅں اور کارکنوں کو منانے کے لئے مصالحتی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لئے ہر یونین کونسل سے 2سے 4امیدواروں نے پارٹی ٹکٹ کے حصول کے لئے درخواست دی تھیں اور تحریک انصاف لاہور کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے لئے 276یو سیز میں سے 230بلدیاتی امیدواروں کا اعلان کیا جا چکا ہے تاہم ٹکٹ نہ ملنے پر بہت سے رہنما اور کارکن ناراض ہو گئے ہیں جنہوں نے اپنے غم و غصے کا اظہار پی ٹی آئی لاہور کے آرگنائزر شفقت محمود سے بھی کیا تھا ۔ اب تحریک انصاف نے اس بات کا نوٹس لیتے ہوئے ناراض ہونے والے رہنماﺅں اور کارکنوں کو منانے کے لئے مصالحتی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو ناراض رہنماﺅں اور کارکنوں کے تحفظات دور کرے گی تاکہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کو بھرپور سپورٹ کیا جا سکے ۔