لاہور( نیوزڈیسک)حلقہ این اے 122کا ضمنی انتخاب مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے لئے سیاسی زندگی و موت کا مسئلہ بنا ہوا ہے اور جوں جوں 11اکتوبر کا دن قریب آ رہا ہے امیدواروں کی دھڑکنیں بھی تیز ہوتی جارہی ہیں۔ این اے 122اور پی پی 147سے دونوں جماعتوں کے امیدواروں نے عید الاضحی کے تینوں روز حلقے کی عوام میں بھرپور طریقے سے گزارنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے اور اس سلسلہ میں اپنی اپنی جماعت کے رہنماﺅں کو بھی مدعو کیا گیا ہے ۔ پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کے ذرائع کے مطابق عدالت کی طرف سے اراکین پارلیمنٹ کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت ملنے کے بعد مذکورہ حلقے میں عید الاضحی کے بعد انتخابی مہم کو بھرپور عروج حاصل ہوگا اورمتوقع طور پر دونوں جماعتوں کی قیادت بھی انتخابی مہم میں حصہ لے گی ۔