لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے سابق کپتان اور مایہ ناز فاسٹ باﺅلر وقار یونس نے موجودہ پاکستانی قومی سکواڈ میں 4 ایسے کھلاڑیوں کے نام بتا دیئے ہیں جو ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ویب سائٹ ’کرکٹ پاکستان‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے وقار یونس نے کہا ہے کہ بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، امام الحق اور فخر زمان ایسے کھلاڑی ہیں جو ٹیم کو میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
وقار یونس کا کہنا تھا کہ ”پاکستان کی موجودہ ٹیم آئندہ ورلڈ کپ کا دباﺅ برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس ٹیم میں 4میچ ونرز موجود ہیں جو تن تنہا میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پاکستانی ٹیم نے ماضی قریب میں بھی اس طرح کے پریشر سے بہترین انداز میں نمٹنے کا مظاہرہ کیا ہے اور میرے خیال میں آئندہ ورلڈ کپ میں بھی ٹیم ہمیں مایوس نہیں کرے گی۔“
انہوں نے کہا کہ ”اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کا میچ کہاں ہو رہا ہے۔ میچ بھارت میں ہو یا پاکستان میں، اگر آپ اپنی مہارت اور صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہیں اور بہترین منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں تو میرے خیال میں ہمیں کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہو گا