لندن (این این آئی)انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ایک بار پھر ریٹائرمنٹ لے لی۔تفصیلات کے مطابق معین علی 2021 کے سیزن کے اختتام پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے تھے تاہم پھر رواں سال ایشز سیریز سے کچھ دن قبل انگلش اسپنر جیک لیچ کی انجری کے بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ کی جانب سے معین علی سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کیلئے رابطہ کیا گیا تھا۔ٹیم مینجمنٹ سے رابطے کے بعد معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ واپس لیتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز میں شرکت کی۔
ایشز سیریز کا آخری میچ جیتنے کے بعد برطانوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے معین علی نے کہا کہ اب میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو چکا ہوں، اگر بین اسٹوکس نے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کیلئے مجھے دوبارہ میسج کیا تو میں اسے ڈیلیٹ کر دوں گا۔معین علی نے کہا کہ میں نے واقعی ٹیسٹ کرکٹ سے بہت لطف اٹھایا ہے اور اسے جیت کے ساتھ ختم کرنا اچھا ہے۔انگلینڈ کی ایشیز ٹیسٹ کے آخری میچ میں جیت کے ساتھ ہی انگلش فاسٹ بولر اسٹیورٹ براڈ بھی کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے۔واضح رہے کہ معین علی نے حالیہ ایشز کے 4 ٹیسٹ میچز میں مجموعی طور پر 180 رنز بنائے اور 9 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ اور سابق کپتان مصباح الحق نے انگلینڈ کے فاسٹ بولر اسٹیورٹ براڈ کی ریٹائرمنٹ پر شاندار کیریئر پر مبارکباد دی۔بابر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ”ہیپی ریٹائرمنٹ براڈ” میں کہاکہ اسٹیورٹ براڈ آپ نے پْرجوش انداز سے کھیل کو اعزاز بخشا، آپ نے ہمیشہ کھیل میں بھرپور صلاحیت کے ساتھ سخت محنت کی۔
انہوں نے کہا کہ کیریئر میں 600 سے زائد وکٹیں حاصل کرنا ایک بڑا کارنامہ ہے، کرکٹ آپ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔دوسری جانب پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ اور سابق کپتان مصباح الحق نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں انگلینڈ کے فاسٹ بولر اسٹیورٹ براڈ کو شاندار کیریئر پر مبارکباد دی۔مصباح الحق نے ایشیز سیریز سے متعلق کہاکہ آخری وکٹ کے ساتھ کامیابی حاصل کرنا ناقابل فراموش ہے۔انہوں نے کہا کہ شاندار ایشیز سیریز کے لیے انگلینڈ اور آسٹریلیا قابل ستائش ہیں۔