لاہور ( این این آئی) انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت نے زین قتل کیس کے مرکزی ملزم مصطفی کانجو کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔گزشتہ روز انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی ۔ملزم سابق وزیر مملکت کے بیٹے مصطفی کانجو کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ مقدمہ سیاسی دباﺅ پر قائم کیا گیا تھا ملزم کے خلاف واقعہ کی کوئی گواہی اور ٹھوس شواہد موجود نہیں جبکہ مقدمہ کا مدعی اپنے بیان سے منحرف ہو چکا ہے لہٰذا استدعاہے کہ ضمانت منظور کی جائے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کے روبرو زین قتل کیس کے مدعی سہیل افضل کاپہلا اور منحرف شدہ تحریری بیان اور مقدمے کی ایف آئی آر پڑھ کر سنائی۔سرکاری وکیل نے درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے بتایا کہ مدعی میڈیا کے سامنے اقرار کر چکا ہے کہ طالبعلم زین کو مصطفی کانجو نے اپنے گن مینوں سمیت فائرنگ کر کے ہلاک کیا۔مصطفی کانجو نے معمولی تلخ کلامی پر زین کو سرعام فائرنگ کر کے قتل کیا تھا تھا لہٰذا ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کی جائے۔ فاضل عدالت نے فریقین کے وکلاءکے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں