اسلام آباد(نیوزڈیسک) اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو الیکشن کمیشن کے باہر جلسہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ریڈ زون میں دفعہ 144 کے تحت جلسہ کرنے پر پابندی عائد ہے۔ ریڈ زون کی حد میں کوئی بھی سیاسی جماعت جلسہ یا احتجاج نہیں کر سکتی۔ انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ پی ٹی آئی ریڈزون کی حدود سے باہر جلسہ کرنا چاہے تو وہ اپنے لائحہ عمل سے آگاہ کرے۔ جلسہ کرنے کے لئے سکیورٹی انتظامات، ضابطہ اخلاق، ٹریفک پلان، پارکنگ کی جگہ کے امور طے کرنا ضروری ہیں۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے ترجمان نے بتایا کہ تحریک انصاف کا 4 اکتوبر کو ہونے والا جلسہ ضرور ہو گا۔ اسی حوالے سے تحریک انصاف کے ضلعی عہدیداروں کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ سیف اللہ نیازی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائےگا۔