کراچی : شوگر مل مالکان نے چینی کی قیمتوں میں 30روپے فی کلو اضافہ کر دیا، چینی کا 50 کلو کا تھیلا 7 ہزار روپے کا ہو گیا، چینی کی ریٹیل قیمت 150 سے 155 روپے فی کلو تک ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کی ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں مزید 3روپے کا اضافہ ہوگیا اورچینی کا ہول سیل ریٹ 140 روپے فی کلو ہو گیا،ریٹیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں 5روپے فی کلو اضافہ کردیا گیااور چینی مہنگی ہونے کے باعث ریٹیل میں چینی کی قیمت150سے 155 روپے فی کلو ہوگئی۔
کراچی کے معروف کاروباری مرکز جوڑیا بازار میں چینی کا 50 کلو کا تھیلا 7 ہزار روپے کا ہو گیا ہے۔دوسری جانب کراچی میں چینی کی ریٹیل قیمت 150 سے 155 روپے فی کلو تک ہے۔گزشتہ جمعہ کو چینی کی ہول سیل قیمت 134 روپے فی کلو تھی۔ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالروف ابراہیم نے کہا ہے کہ ہول سیل مارکیٹ میں چینی 137سے بڑھ کر 140روپے کلو ہوگئی،شوگر مل مالکان نے چینی کی قیمتوں میں رواں ماہ 30روپے فی کلو اضافہ کیا ہے۔