اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کو ایل این جی کی خریداری کے لیے مہنگی بولیاں موصول ہوئی ہیں۔ذرائع پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل)کے مطابق پاکستان نے 3 ایل این جی کارگوز کے لیے بولیاں طلب کی تھیں، بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 14 جولائی تھی، آج بولیاں اوپن کی گئیں۔ذرائع کے مطابق پی ایل ایل کو 3 سے 4 جنوری 2024 کی سپلائی کے لیے 23.47 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی بولی موصول ہوئی۔ذرائع کے مطابق28 سے 29 جنوری کے لیے کوئی بولی موصول نہیں ہوئی جبکہ 23 سے 24 فروری کی سپلائی کے لیے 22.47 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی بولی آئی۔
ذرائع کے مطابق بولیاں قبول یا مسترد کرنے کا فیصلہ پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کا بورڈ کرے گا۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بھی قطر سے منگوائے گئے ایل این جی کارگوز پاکستان پہنچے تھے جس کے بعد ملک میں جاری گیس بحران کسی حد تک ختم ہو گیا تھا۔