ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ مملکت کا سفر کرنے والے بین الاقوامی عازمین کے حج کی لاگت میں 39 فی صد کمی کی گئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انھوں نے حج کے انعقاد کے لیے مملکت کی تیاریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس سال حج سیزن کے دوران میں مجموعی طور پر 37 سرکاری ادارے عازمین کو خدمات مہیا کریں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ عازمینِ حج کی تعداد کرونا وائرس کی وبا سے پہلے کی سطح پر واپس آ گئی ہے۔ کووڈ 19 کی وجہ سے سعودی عرب میں پابندیوں کے نفاذ سے قبل قریبا 26 لاکھ افراد ہرسال فریض حج ادا کرتے تھے۔اس کے علاوہ سعودی ہلال احمر نے رواں حج سیزن کے دوران میں مقدس مقامات پر ہنگامی خدمات کے لیے 8 اگستا ویسٹ لینڈ اے ڈبلیو 139 ہیلی کاپٹر مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔سعودی ہلال احمر کے مطابق ان ہیلی کاپٹروں کو مقدس مقامات پر ہنگامی طبی خدمات کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔یہ ہیلی کاپٹر جدید طبی آلات سے لیس ہیں اور اہل طبی عملہ پر مشتمل ہیں۔یہ کسی بھی ہنگامی طبی صورت حال میں اوسطا سات منٹ میں ردعمل کو یقینی بناتے ہیں۔سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں سالانہ حج 26 جون سے شروع ہوگا۔