ایتھنز(این این آئی) یونان میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے افسوسناک حادثے میں بچ جانے والے مسافروں نے حادثے میں پاکستانیوں زیادہ اموات ہونے سے متعلق سنسنی خیز انکشاف کئے ہیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق یونان کے ساحل کے قریب ڈوبنے والی کشتی کے بچ جانے والے مسافروں نے کوسٹ گارڈز سے گفتگو میں بتایاکہ پاکستانی مسافروں کو کشتی کے نچلے حصے میں جانے پر مجبور کیا گیا جبکہ دوسری قومیت والوں کو کشتی کے اوپری حصے میں جانے کی اجازت تھی۔مسافروں نے کوسٹ گارڈز کو بتایاکہ کشتی کے اوپری حصے کے مسافروں کے بچنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں،کشتی کے نچلے حصے سے پاکستانی اوپر آنا چاہتے تو ان سے بدسلوکی کی جاتی، خواتین اور بچوں کو بظاہر مردوں کی موجودگی کے سبب بند جگہ پر رکھا گیا تھا۔