اسلام آباد(این این آئی)سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے الزام عائد کیا ہے کہ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے سابق وزیراعظم عمران خان کی پیٹھ میں خنجر گھونپا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہاکہ صدر عارف علوی نے عمران خان کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کا کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ جو پارٹی چھوڑ کر جاتے ہیں وہ پہلے صدر مملکت سے ملتے ہیں۔فیصل واوڈا نے کہاکہ جتنی بھی پریس کانفرنسز ہو رہی ہیں یہ پہلے پریذیڈنسی میں جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پریذیڈینسی خود کو بچانے کیلئے تھپکی لگاتی ہے کہ جائو پریس کانفرنس کرو۔انہوںنے کہاکہ جس وقت عمران خان سے الگ ہوا پارٹی پیک پر تھی، جو ہوا وہ صرف جمہوری پارٹی نہیں وہاں کرپشن ہے۔دوسری جانب ذرائع ایوان صدر نے فیصل واوڈا کے دعوے کی تردید کی ہے۔ذرائع کے مطابق صدر عارف علوی نے ہر ایک کے ساتھ بطور صدر مفاہمتی کردار ادا کیا ہے۔ذرائع کے مطابق صدر عارف علوی نے ملک کے بہترین مفاد میں مفاہمتی کردار ادا کیا ہے۔