لاہور(نیوز ڈیسک) ”دولہا میاں“احمد شہزاد اپنی مہندی کے دن پریکٹس کیلئے قذافی اسٹیڈیم پہنچ گئے، بولرز نے انھیں خطرناک گیندیں کرنے سے گریز کیا، عمر اکمل نے بھی کیمپ جوائن کرلیا، منتخب کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور بولنگ میں صلاحیتیں نکھاریں۔دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ زمبابوے کیخلاف ہوم سیریز میں آسان فتوحات حاصل نہیں ہوئی تھیں اس بار بھی محنت کرنا پڑے گی۔تفصیلات کے مطابق زمبابوے کیخلاف سیریز کی تیاریوں کیلئے قومی کرکٹرز کا تربیتی کیمپ جمعے کے روز بھی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری رہا، پہلے روز ذاتی مصروفیت کی وجہ سے غیر حاضر رہنے والے عمر اکمل نے بھی دیگر منتخب کھلاڑیوں کو جوائن کرلیا۔ہیڈ کوچ وقار یونس اور معاون اسٹاف کی زیر نگرانی کھلاڑی فیلڈنگ کے بعد انضمام الحق انکلوڑر کے سامنے موجود 3 پچز پر بولنگ اور بیٹنگ پریکٹس سے صلاحیتوں کو نکھارتے نظر آئے، احمد شہزاد کی شادی ہفتے کو طے ہے لیکن انھوں نے اپنی مہندی کے دن بھی تربیتی کیمپ سے چھٹی نہ کی اور ٹریننگ میں بھرپور حصہ لیا۔اوپنر نیٹ پریکٹس کے دوران بڑی فارم میں نظر آئے تاہم شادی سے قبل کسی قسم کی چوٹ سے محفوظ رکھنے کیلئے بولرز نے انھیں خطرناک گیندیں کرنے سے گریز کیا۔ دریں اثناء میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ زمبابوے سمیت دنیا کی کسی بھی ٹیم کو آسان حریف خیال نہیں کیا جا سکتا، مختصر فارمیٹ کے میچز میں تو ایک بار گیم ہاتھ سے نکل جائے تو واپسی مشکل ہو جاتی ہے۔میزبان سائیڈ اچھا پرفارم کررہی ہے، ہوم سیریز میں بھی اس کیخلاف ہمیں آسان فتوحات حاصل نہیں ہوئی تھیں اس بار بھی محنت کرنا پڑے گی، انھوں نے کہا کہ موجودہ ٹور کے دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھرپور مقابلے سے ٹیم کو ورلڈکپ سے قبل پریکٹس کا اچھا موقع ملے گا، آفریدی نے کہاکہ سلیکشن کمیٹی نے نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کا بہتر فیصلہ کیا۔ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں کئی باصلاحیت پلیئرز سامنے آئے ہیں انھیں بھی آزمانا چاہیے، کپتان نے کہا کہ عمران خان جونیئرسلو بال زبردست کرتا ہے، افتخار احمد اچھا ہٹر جبکہ نعمان انور اور بلال آصف بھی باصلاحیت ہیں، قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا معیار پہلے سے بہتر ہوگیا ہے۔