اسلام آباد (این این آئی)انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے ملک میں موبائل انٹرنیٹ سروسز بحال کرنے اور عوام کو ٹوئٹر، فیس بک اور یوٹیوب تک رسائی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔انسانی حقوق کے گروپ نے اہنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ عمران خان کے حامیوں اور پولیس کے درمیان بڑھتی ہوئی جھڑپوں کے خدشات کے درمیان، ایمنسٹی انٹرنیشنل ان رپورٹس سے پریشان ہے کہ پاکستانی حکام نے موبائل انٹرنیٹ اور ٹوئٹر، فیس بک اور یوٹیوب تک رسائی معطل کر دی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ یہ معلومات تک لوگوں کی رسائی اور اظہار رائے کی آزادی کو محدود کرتا ہے، ہم پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور وزارت داخلہ سے فوری طور پر اس پابندی کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔